پابندی کے باوجود چنگ چی رکشوں نے محمود بوٹی سے ہربنس پورہ تک ریس لگائی، موٹرسائیکل سوار بھی موجود ، ویڈیو وائرل
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور رنگ روڈ پر چنگ چی رکشوں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ریس لگانا شروع کر دی، جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی رنگ روڈ پر موجود رہے۔ ریس لگاتے چنگ چی رکشوں کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں خطرناک ڈرائیونگ اور شرطیں لگانے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رنگ روڈ پر چنگ چی رکشوں اور موٹر سائیکلوں کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہے، اس کے باوجود چنگ چی رکشوں نے محمود بوٹی سے ہربنس پورہ تک ریس لگائی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار بھی رکشوں کے ساتھ ساتھ دوڑ میں شریک رہے اور مختلف مقامات پر شرطیں لگاتے رہے حیران کن امر یہ ہے کہ راستے میں نہ تو کسی ٹول پلازہ اہلکار نے رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو روکا اور نہ ہی ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار نظر آیا۔ پولیس کی جانب سے اس معاملے پر لاعلمی کا اظہار کیا جا رہا ہییاد رہے کہ ماضی میں رنگ روڈ پر پیدل کراس کرنے پر بھی ٹریفک پولیس کی جانب سے مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں، تاہم اس سنگین خلاف ورزی پر تاحال کوئی کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ رنگ روڈ پر موٹر سائیکلوں اور چنگچی رکشوں کو آخر کس نے اجازت دی اور ٹریفک قوانین کی اس کھلی خلاف ورزی پر متعلقہ ادارے کیوں خاموش ہیں شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو خطرے سے بچایا جا سکے۔