کینال روڈ:1686 چنگ چی اور 464 لوڈر رکشوں کیخلاف کارروائی

 لاہور(کرائم رپورٹر)شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے کینال روڈ پر لوڈر رکشوں اور چنگ چی رکشوں کا داخلہ بند کر دیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران خلاف ورزی پر 1686 چنگ چی رکشوں اور 464 لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ٹریفک پولیس نے کینال روڈ پر ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے 510 موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی۔ حکام کے مطابق لوڈر اور چنگ چی رکشوں کا داخلہ روکنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ دھرمپورہ انڈرپاس، سلطان پلی، مال روڈ انڈرپاس، جیل روڈ، اچھرہ، ڈاکٹر ہسپتال اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی ناکہ جات قائم کیے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لوڈر رکشوں پر ٹی آئرن، سریا، بانس اور دیگر خطرناک سامان انتہائی غیر محفوظ انداز میں لوڈ کیا جاتا ہے جو ٹریفک اور شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی صورت میں ایسے لوڈر رکشے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کینال روڈ پر چنگ چی رکشے بے ہنگم ٹریفک اور سست رفتار ٹریفک کا باعث بنتے ہیں، اس لیے انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔