قوانین کی خلاف ورزی پر چنگ چی، لوڈر رکشوں اور گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران کینال روڈ پر داخلے کی خلاف ورزی کرنے والے 1143 چنگ چی رکشوں اور 326 لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کینال روڈ پر ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر بھی 419 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ لوڈر اور چنگ چی رکشوں کا داخلہ روکنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لوڈر رکشے انتہائی خطرناک انداز میں سامان لوڈ کرتے ہیں جبکہ ان پر لدا سریا، لوہے کے پائپ اور دیگر سامان دیگر ٹریفک کیلئے شدید خطرے کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حادثے کی صورت میں یہ رکشے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کینال روڈ پر چنگ چی رکشے بے ہنگم اور سست رفتار ٹریفک کا سبب بنتے ہیں، اس لیے شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔