گٹر کا ڈھکن چرانے پر قید، جرمانے کی سزا قانون سازی پر کام شروع

 مین ہول کورز کی چوری میں ملوث افراد کے لیے قید اور ایک کروڑ تک جرمانے متعارف کرائے جائیں: وزیر اعلیٰ کی ہدایت 
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مین ہول کورز کی چوری کے خلاف سخت قانون سازی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے واسا پنجاب کو متعدد اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔ہدایت کی گئی ہے کہ مین ہول کورز کی چوری میں ملوث افراد کے لیے قید اور بھاری جرمانے متعارف کرائے جائیں، جبکہ قانون کے تحت جرمانے کی حد ایک کروڑ روپے تک رکھی جا سکے گی۔حکام کے مطابق سخت سزائوں کا مقصد منظم گروہوں کی حوصلہ شکنی اور اس مکروہ دھندے کا خاتمہ ہے۔مافیا کی نشاندہی کے لیے تمام اضلاع میں سپیشل برانچ کی ٹیموں سے مدد لینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔تمام منیجنگ ڈائریکٹرز واساز کو اپنے اپنے اضلاع میں مافیا کا سراغ لگانے اور معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند بنایا گیا ہے۔سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نے خصوصی ٹیموں کے ذریعے موجودہ مین ہولز کی فوری نشاندہی اور تصدیق مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ خطرناک مقامات کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔محکمے کے مطابق چوری کے واقعات عوام کے جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔