ملزم بیگم کوٹ اور بارہ دری سمیت دیگر علاقوں میں وارداتیں کرتا رہا، حکام
لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ کے مختلف علاقوں میں سیوریج مین ہولز کے ڈھکن چوری ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق ملزم بیگم کوٹ، بارہ دری روڈ، کامران پارک اور دیگر علاقوں میں وارداتیں کرتا رہا۔ مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور کھلے گٹروں کی وجہ سے حادثات اور جانی نقصان کا بھی خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔واسا لاہور کے منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایات پر واسا کے عملے نے فوری طور پر موقع کا تفصیلی معائنہ کیا۔ قریبی شادی ہال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا گیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ واسا لاہور نے تھانہ شاہدرہ میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا۔ شہریوں نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اب وہ محفوظ ماحول میں رہ سکیں گے۔