نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی موبائل فون ایپ نے شہریوں کے لیے شناختی دستاویزات اور دیگر سرکاری خدمات کا حصول نہایت آسان بنا دیا ہے۔
پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرنے والے شہریوں کو اب نہ نادرا دفاتر میں قطار میں لگنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، کیونکہ تمام سہولیات موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے دستیاب ہیں۔نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کی نمایاں خصوصیات میں شناختی کارڈ، نائکوپ اور پی او سی کی تجدید یا ترمیم، خاندان کے افراد کی تفصیل مفت دیکھنے کی سہولت اور آئی ڈی والٹ میں تمام ڈیجیٹل دستاویزات کو ایک جگہ محفوظ کرنے کی سہولت شامل ہے۔ایپ کے ذریعے شہری ب فارم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ پاسپورٹ، جانشینی سرٹیفکیٹ اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی منتقلی کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کا اندراج، نادرا دفاتر میں اپائنٹمنٹ کی بکنگ، قریبی مرکز کی لوکیشن اور متوقع انتظار کا وقت معلوم کرنے، درخواست کو ایگزیکٹو کیٹیگری میں تبدیل کرنے اور وفاقی و پنجاب حکومت کے جاری کردہ اسلحہ لائسنس اور پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی میسر ہے۔نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ شہریوں کو تیز، شفاف اور محفوظ ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔