پیٹرولیم ڈویژن نے قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت اور فیول سپلائی چین میں سمگلنگ کے سدباب کے لیے جدید ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے تحت ”راہگزر“ موبائل ایپ لانچ کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس ایپ کے ذریعے صارفین منظور شدہ اور رجسٹرڈ فیول پمپس کی آسانی سے شناخت کر سکیں گے۔پیٹرولیم ڈویژن نے اوگرا اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے مشترکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا ہے، جس کے تحت فیول ٹینکرز، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے۔پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزلز نصب کیے جائیں گے تاکہ مقدار اور معیار کی درست نگرانی ممکن ہو سکے۔ اسی طرح، ڈی جی پی سی تیل و گیس بلاکس کی شفاف بولی کے لیے نیا آن لائن پورٹل متعارف کروایا جائے گا، جس سے ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن بلاکس کی بولی کا پورا عمل ڈیجیٹل ہو جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کے لیے ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایکسپلوسیوز سپلائی چین کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس منصوبے کے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف کارروائی کے لیے پیٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت غیر قانونی فروخت اور ترسیل پر بھاری جرمانے اور ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔