متحدہ عرب امارات کے صدر کی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقات‘مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے‘پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر جے ایف17 لڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کو سلامی دی‘21توپوں کی سلامی
 نور خان ایئربیس پر وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی کابینہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا
یو اے ای کے صدر‘وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا‘مہمان دورہ کے بعد واپس چلے گئے
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے،پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر جے ایف-17 لڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کو سلامی دی۔ نور خان ایئربیس پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی کابینہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔  معزز مہمان کے شاہی طیارے نے نورخان ایئر بیس پر لینڈ کیا تو پاک فضائیہ کے JF 17 تھنڈر طیاروں نے مہمان کو سلامی دی، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کابینہ کے ہمراہ انہیں خوش آمدید کہا، وزرا میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال،عطا تارڑ اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعظم نے وزرا کا تعارف بھی کرایا۔ یو اے ای صدر کے ساتھ ان کا اعلی سطح کا وفد بھی پہنچا۔یواے ای کے صدر نے وفد کے ہمراہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مابین تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے جاری تعاون کے شعبہ جات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مختلف شعبوں میں روابط کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر غور کیا۔ فریقین نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔  دونوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا جس میں دونوں ممالک کے لیے باہمی مفاد کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ و تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کی۔شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دے گا۔دریں اثنا متحدہ امارات کے صدر اسلام آباد کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے۔