فیلڈ مارشل کا دورہ ملائیشیا، وزیراعظم سے ملاقات‘دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی  ملائیشیا کے وزیراعظم دات سری انور ابراہیم سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، دفاعی اور سلامتی تعاون، علاقائی و عالمی سلامتی کی  صورتحال پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل نے جنوب مشرقی ایشیا ء میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف ‘ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان رابطوں کو مزید گہرا کرنے کا عزم 
راولپنڈی(آئی این پی)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پردانا پترا، پوتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم، دات سری انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، دفاعی اور سلامتی تعاون، اور علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں رہنماں نے باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کیلئے جاری رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، اعتماد اور تعاون کے رشتے کو سراہا، انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ملائیشیا کی وابستگی کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید گہرا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے نے اعلی سطح کے تبادلوں، فوجی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی سلامتی کے مسائل پر مسلسل مکالمے کے ذریعے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا!۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشین وزیرِ دفاع داتو سری محمد خالد بن نوردین سے بھی اہم ملاقات کی جس میں عسکری روابط بڑھانے اور مسلح افواج میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔