وزیراعظم کی اماراتی صدر سے ملاقات، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ‘شہبازشریف نے سپیکر او رچیئرمین سینیٹ کی تنخواہیں بڑھانے کا نوٹس لے لیا

معیشت کی جانب سفر تیزکررہے ہیں شہبازشریف
پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور تعاون پر شہباز شریف نے اماراتی قیادت سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعظم نے عالمی استحکام کے لئے اماراتی صدر کی کاوشوں اور سفارت کاری کو بھی سراہا:اماراتی میڈیا
 وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلہ کریں گے‘ تنخواہوں میں اضافے کا اختیار وزیر اعظم  اور وفاقی کابینہ کے پاس ہے:ذرائع سیکرٹریٹ

ابوظہبی‘اسلام آباد) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں شیخ طحنون بن زاید، شیخ حمدان بن محمد اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور تعاون پر شہباز شریف نے اماراتی قیادت سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی استحکام کیلئے اماراتی صدر کی کاوشوں اور سفارت کاری کو سراہا۔اماراتی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان قصر الشاطی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں خطے اور دنیا میں امن و استحکام پر زور دیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات اور ترقیاتی اہداف پر مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے کہا معیشت کی جانب سفر تیز کر رہے ہیں‘ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں حالیہ  اضافے کا فوری  نوٹس لے لیا  اور ا س حوالے سے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلہ کریں گے۔سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منظوری خود وفاقی حکومت نے دی ہے۔میڈ یا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ نے تنخواہیں بڑھانے کا الزام مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ قومی اسمبلی  اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے پاس اسپیکر  یا چیئرمین کی تنخواہیں بڑھانے کا کوئی اختیار نہیں  ہے۔سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ خود سے اپنی تنخواہ نہیں بڑھا سکتے۔ اسپیکر و چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار وزیر اعظم  اور وفاقی کابینہ کے پاس ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں و مراعات ایکٹ میں ترمیم کی منظوری وفاقی حکومت نے دی ہے۔ وزارت پارلیمانی امور نے تنخواہوں و مراعات میں اضافے کانوٹیفکیشن جاری کیا ۔اسپیکر و چیئرمین سینیٹ کا خود سے تنخواہوں میں اضافے کا الزام بے بنیاد ہے۔