صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر سے یو اے ای کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیثی کی ملاقات‘اہم امور پر تبادلہ خیال
زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، باہمی تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے: اماراتی قونصل جنرل
کراچی(آئی این پی ) سندھ حکومت اور متحدہ عرب امارات کے مابین زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوگیا۔صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر سے یو اے ای کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیثی نے ملاقات کی، جس میں سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران زرعی شعبے میں تعاون کے امکانات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ زرعی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے، سندھ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے کہا کہ سندھ کے زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، باہمی تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔