ڈیجیٹل دور کی آمد نے معلومات کی ترسیل کے طریقہ کار کو تبدیل کر دیا ہے‘غلط معلومات آتی ہیں
سی پیک کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کا بنیادی ذریعہ بھارت ہے:وفاقی وزیراطلاعات
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کے حکومتی حکام اور میڈیا نمائندوں نے نویں سی پیک میڈیا فورم میں اس بات کی نشاندہی کی کہ پاکستان اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کا سب سے بڑا ذریعہ بھارت ہے۔گوادر پرو کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا ڈیجیٹل دور کی آمد نے معلومات کی ترسیل کے طریقہ کار کو تبدیل کر دیا ہے، اور غلط معلومات اور بیانیاتی جنگ عالمی چیلنجز بن چکے ہیں۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ہم نے بہت زیادہ غلط معلومات آتی ہوئی دیکھیں۔ انہوں نے ہمارے یوٹیوب چینلز پر پابندی لگا دی۔انہوں نے مزید کہاجب میں اپنے کچھ سادہ لوح دوستوں کو سی پیک کے بارے میں منفی انداز میں بات کرتے سنتا ہوں تو میں صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ وہ پوری حقیقت سے آگاہ نہیں ہیں۔ دنیا کو یہ بتانا ہمارا کام ہے کہ سی پیک دراصل کس مقصد کے لیے ہے۔