سی پیک پاکستانی معیشت کی شہ رگ ہے: عطاء اللہ تارڑ

    اسلام آ باد(یواین پی) پاکستان سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی کلید ہے، اور پاکستان کے تمام حلقے اس راہداری کے  ''اپ گریڈ ورژن'' کی تعمیر کی پرزور حمایت کرتے ہیں۔ جمعہ کے روز  چینی سفارت خانے کے زیراہتمام سی پیک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدال خان ناصر نے  سی پیک کے مقامی عوام کی زندگیوں میں لائے گئے ٹھوس ثمرات کو بھرپور انداز میں سراہا۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی قومی معیشت کی شہ رگ ہے بلکہ خطے میں تبدیلی لانے والا منصوبہ بھی ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماوں کی خصوصی توجہ اور حمایت سے سی پیک کی تعمیر پائیدار طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے جس کے ثمر آور نتائج سامنے آئے ہیں۔ چین اور پاکستان مل کر سی پیک کا ''اپ گریڈ ورژن'' تشکیل دیں گے اور چین۔پاکستان ہم نصیب معاشرے کے قیام کو تیز تر کریں گے۔