خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا‘میجر محمد حسیب کارروائی کے دوران اپنے دستے کی قیادت کررہے تھے‘حوالدار نور احمد بھی وطن پر قربان ہو گئے
راولپنڈی(آئی این پی ) سکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا،آپریشن کے دوران بہادر جوانوں نے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ آپریشن کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد شہید ہو گئے، میجر محمد حسیب کارروائی کے دوران اپنے دستے کی قیادت کررہے تھے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں،بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔