کیپٹن نعمان سلیم بہادر اور نوجوان میڈیکل آفیسر تھے، دلیرانہ انداز میںجامِ شہادت نوش کیا
شہید ہونے والوں میں حوالدار امجد علی، وقاص، سپاہی اعجاز، محمد ولید اور محمد شہباز شامل ہیں
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے دوگر میں بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 7 خوارج کو ہلاک کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 6 بہادر جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آ رکے مطابق فتنہ خوارج کے خلاف آپریشن خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔ آئی ایس پی آ ر نے بتایا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آ ر کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم ایک بہادر اور نوجوان میڈیکل ا?فیسر تھے، جو محاذ پر میڈیکل خدمات انجام دینے کے ساتھ دلیرانہ انداز میں لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یا فتنہ خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آ ر نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔