باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ،5دہشت گرد ہلاک ،میجر شہید

36سالہ  میجر عدیل زمان  اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے‘شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے
 راولپنڈی (آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی سپانسرڈ5خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے میجر  عدیل زمان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا،آپریشن بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا،کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کی مثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5خوارج کو ہلاک کردیا گیا،ہلاک  دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، وہ اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے،36سالہ شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈی آئی خان سے ہے۔