سنکیانگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں قائم ایک معروف ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمپنی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور دودھ کی پیداوار، مویشیوں کی پرورش اور ڈیری پروسیسنگ کے جدید نظام کا جائزہ لیا۔
چینی کمپنی کے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں دودھ کی پروسیسنگ کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کمپنی کے ڈیری فارمز میں مویشیوں کی پرورش جدید سائنسی اصولوں اور حفظانِ صحت کے مقررہ معیار کے مطابق کی جاتی ہے۔مریم نواز نے ڈیری فارمز میں مویشیوں کی دیکھ بھال، خوراک، افزائشِ نسل اور دودھ کی پروسیسنگ کے نظام میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کمپنی کے مختلف پیداواری شعبوں کا معائنہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری اور فروغ کے لیے شروع کیے گئے منصوبے مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مویشیوں کی افزائشِ نسل کے لیے خصوصی منصوبے جاری ہیں، جن کا مقصد مویشیوں کی تعداد کے ساتھ ساتھ ان کی صحت اور پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کرنا ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں مویشیوں کو فربہ کرنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، تاکہ انہیں گوشت کی پیداوار کے لیے بہتر انداز میں تیار کیا جاسکے۔ ان منصوبوں کے ذریعے لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید طریقہ کار متعارف کرانے اور گوشت کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں ملک اور ڈیری پروسیسنگ کا منصوبہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق چین کے ساتھ تعاون سے پنجاب کے ڈیری سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری، جدید پیداواری طریقوں اور ویلیو ایڈیشن کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیری اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں جدید ٹیکنالوجی، بہتر نسل کے مویشیوں اور جدید فارمنگ طریقوں کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔مریم نواز کے دورے کو پنجاب کے لائیو اسٹاک اور ڈیری سیکٹر میں چین کے تجربات سے استفادے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ جدید ڈیری فارمنگ، دودھ کی پروسیسنگ اور مویشیوں کی افزائش کے چینی ماڈل کا جائزہ پنجاب میں مستقبل کے منصوبوں کی تیاری میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔