مریم نواز نے جاپانی ڈیری کمپنی موریناگا کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی

مریم نواز نے جاپانی ڈیری کمپنی موریناگا کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے دورے کے دوران عالمی شہرت یافتہ جاپانی ڈیری کمپنی موریناگا کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور کمپنی کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

 ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ڈیری سیکٹر، نوزائیدہ بچوں کی خوراک، بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار کے شعبوں میں کمپنی کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جس میں پنجاب کا حصہ 60 فیصد ہے، تاہم پنجاب کا ڈیری سیکٹر ابھی بھی 80 فیصد پرانے اور غیر سائنسی طریقوں پر انحصار کر رہا ہے، جس سے پیداوار اور معیار متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کمپنی کے تحقیق و ترقی کے شعبے کا بھی معائنہ کیا اور جدید جاپانی مشینری، صحت مند جانوروں کی افزائش اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی پیداوار کے لیے تعاون پر بات چیت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور لائیو اسٹاک سے وابستہ 63 فیصد آبادی براہِ راست اس شراکت داری سے فائدہ اٹھائے گی۔

وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ موریناگا نے 2017 میں بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کی تھی اور شیخوپورہ میں اس سرمایہ کاری کو پنجاب اور جاپان کے درمیان فلیگ شپ شراکت داری قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف معیاری خوراک کی فراہمی ممکن بنائے گی بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی فروغ دے گی۔یہ دورہ پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اور ایڈوانس پروٹین نیٹ ورک کے قیام میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔