چین کے سنکیانگ میں پُل ٹوٹنے کا حادثہ، 5 افراد ہلاک، 29 نیچے گر گئے

چین کے سنکیانگ میں پُل ٹوٹنے کا حادثہ، 5 افراد ہلاک، 29 نیچے گر گئے

بیجنگ: چین کے خودمختار علاقے سنکیانگ میں واقع ایک معروف سیاحتی مقام پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک کیبل پُل کے ٹوٹنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر 29 افراد نیچے گر گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پُل کو سہارا دینے والی کیبلز اچانک ٹوٹ گئیں، جس کے باعث پُل ایک جانب جھک گیا اور اس پر موجود تمام افراد توازن کھو بیٹھے۔حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا جنہوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔سیاحتی مقام کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل ہونے تک مزید کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو پُل کی ساخت، معیار اور مرمت کی سرگرمیوں کا جائزہ لے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ واقعہ ایک بار پھر سیاحتی مقامات پر بنیادی ڈھانچے کی حفاظت اور دیکھ بھال کے انتظامات پر سوالیہ نشان بن گیا ہے، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔