پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، ٹیکنالوجی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
چینی ٹیکنالوجی کمپنی آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کا پاکستان میں ڈیجیٹل اکنامی ہیڈکوارٹر کا باضابطہ افتتاح کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی، شزا فاطمہ نے بتایا کہ گزشتہ سال وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران آئی بی آئی کے ساتھ شروع ہونے والی بات چیت آج عملدرآمد کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیڈکوارٹر اسپیشل ٹیکنالوجی زون میں قائم کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے بیچ ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت ’ہول آف گورنمنٹ اپروچ‘ نے ماضی کی رکاوٹوں اور چیلنجز کو عبور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور اس متحرک قیادت نے تعاون کے امکانات کو بڑھایا ہے۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ آئی بی آئی کے پورٹل کے ذریعے پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو تقریباً 31 لاکھ چینی کمپنیوں سے براہ راست رسائی حاصل ہوگی، جس سے کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔اس کے علاوہ، فریش پروڈیوس اینڈ فوڈ سیکٹر کے نمائندے، محمد ریاض نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور کاروباری عمل کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔