وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے ان کارروائیوں میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ بہادر سپوتوں نے بروقت ان کارروائیوں کو انجام دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ہمارے سرمایہ افتخار ہیں اور قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ملک بھر کے عوام اور ادارے دہشت گردی کے خلاف اتحاد اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی قربانیاں دے رہے ہیں۔