بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، محسن نقوی کا اہلکاروں کو خراجِ تحسین

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، محسن نقوی کا اہلکاروں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ پنجگور کے علاقے گوادرگو میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے جبکہ چاغی کے امین آباد اور سیاہ چنگ کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیے جانے کی اطلاع ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر قوم کو فخر ہے۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ملکی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں حالیہ کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں ان کے نیٹ ورک اور سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔