عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 3 روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے دوران ملک بھر سے زائرین کی دربار پر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ عرس پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے عقیدت مندوں کی شرکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے زائرین خاص طور پر قصور پہنچ رہے ہیں، جہاں انتظامیہ نے تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں محفلِ نعت، مشاعرہ اور محفلِ سماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ عقیدت مند روحانی محافل میں شرکت کر سکیں۔ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پلان مرتب کیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری عرس کے دوران تعینات کی گئی ہے، اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہے۔ سیکیورٹی کے لیے واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ، شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔