رواں سال جوئے کے خلاف کارروائیوں میں 2511ملزمان گرفتار، مختلف تھانوں میں 644مقدمات درج
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے سرگرم ِ عمل ہے۔ رواں سال جوئے کے خلاف کارروائیوں میں 2511ملزمان کو گرفتارکر کے شہر کے مختلف تھانوں میں 644مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے 1کروڑ20لاکھ روپے سے زائدداؤ پر لگی رقم برآمدکی گئی ہے۔سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ نے جوئے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاونٹس اورایپلی کیشنز پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ جوئے میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزمان کی نگرانی کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس افسران جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ کی نشاندہی کیلئے آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ آن لائن فراڈ میں ملوث ایپلی کیشنز کے خلاف کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کا تعاون حاصل کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو جوئے میں ملوث کرنے والے عناصرکونشان ِ عبرت بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس جرائم کے تدارک کیلئے پوری طرح مصروف ِ عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری قانونی معاونت کیلئے قریبی تھانے یا ہیلپ لائن15سے رابطہ کریں۔