پنجاب کے جواریوں کا بڑا گینگ پکڑا گیا،29 گرفتار

 ڈیفنس کے نجی کلب کے مخصوص کمروں میں پنجاب کے بڑے جوارئیے اکٹھے ہوتے اور کروڑوں روپے کا جواء کھیلتے تھے 
کئی ہفتوں کی ریکی اورمخبر کی اطلاع پر نجی کلب میں چھاپہ مار ا گیا،ملزموں نے جواء کھیلنے کے لیے دو کمرے بک کئے ہوئے تھے 
دونوں کمروں سے جوئے پر لگی لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان برآمد ،2اور جوئے کے اڈوں کا انکشاف ، جلد کارروائی کا امکان
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے پنجاب کے جواریوں کا سب سے بڑا گینگ پکڑا لیا،ڈیفنس سی پولیس نے نجی کلب میں چھاپہ مار کر 29 معروف جوارئیے گرفتار کرلیے،ملزمان کو کئی ماہ کی ریکی کے بعد خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ،ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے،ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کئی ہفتوں سے جواریوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے کے لیے کوشاں تھیں،پولیس کو اطلاعات ملی تھیں کہ ڈیفنس کے نجی کلب کے مخصوص کمروں میں پنجاب کے بڑے جوارئیے اکٹھے ہوتے ہیں جہاں آن لائن جوئے کے ساتھ تاش اور دیگر چیزوں پر کروڑوں روپے کا جواء کھیلا جاتا ہے،ملزمان کمرے کرائے پر لیکر جواء کھیلتے تھے،ایس پی کینٹ ڈویڑن قاضی علی رضا کی ہدایت پر ایس ایچ او ڈیفنس سی انسپکٹر رضا عباس نے کئی ہفتوں کی ریکی اورمخبر کی اطلاع پر نجی کلب میں چھاپہ مار کر 29 جواریوں کو گرفتار کیا ہے۔ملزموں نے جواء کھیلنے کے لیے دو کمرے،کمرہ نمبر 101 اور 108 بک کیے ہوئے تھے،گرفتار جواریوں میں امجد جٹ، شبیر حسین،سلمان جاوید،اللہ دتہ،سلطان محمود،سہیل عامر،محمد اشرف،امجد جاوید،محمد آصف،محمد ناصر ،یوسف لطیف،احمد رضا،اکبر خان، شوکت،مبشر خان،عامر شہزاد،بلال احمد،محمد عدیل،محمد سعید ،رمضان بابر،آصف ،صداقت علی،محمد رمضان،عمر فرید،محمد اختر،محمد سرور،محمد فیصل،محمد عمران،محمد عاشق اور فرحان کو گرفتار کرلیا،دونوں کمروں سے ملزمان کے قبضہ سے جوئے پر لگی لاکھوں روپے نقدی اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔ملزمان قیمتی گاڑیوں پر نجی کلب میں آکر کرائے پر لئے گئے کمروں میں چلے جاتے جہاں ساری رات کروڑوں روپے کا جواء کھیلا جاتا۔پولیس ذرائع کے مطابق اس بڑے جوئے کے سفارشی کئی اہم شخصیات بھی ہیں تاہم ریکی مکمل ہوتے ہی قمار بازوں کو ان کے سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش قمار بازوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جواء کروا رہے ہیں،ڈیفنس پولیس کے مطابق گروہ کے سرغنہ امجد جٹ اور دیگر سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس گروہ کی گرفتاری کے لئے پولیس کئی روز سے ڈیفنس سمیت دیگر مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی تھی تاہم آخر کار اس گینگ کو سرغنہ سمیت ڈیفنس سی کے نجی کلب سے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیفنس کے پوش علاقوں میں نجی کلب میں 2 اور جوئے چل رہے ہیں ان کے نام اور فون نمبرز حاصل کر لئے گئے ہیں ان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔پولیس کی مزید تفتیش جاری ہے