لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میںپولیس ہائی الرٹ

 سیلابی صورتحال میں ریسکیو آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں:آئی جی ڈاکٹر عثمان انور
 لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے۔ آئی جی پنجاب  نے پولیس ٹیموں کو ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں ریسکیو آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ دریاؤں ندی نالوں، دیہاتوں کے اردگرد آبادی اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے جاری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ پنجاب پولیس سیلابی ریلے کی آمد کے پیش نظر آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنانے میں متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، مظفر گڑھ، ملتان اور دیگر علاقوں میں پولیس کو ہمہ وقت مستعد رہنے کا حکم دیا۔ مزید بارش کے امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز ممکنہ سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔ پولیس فورس امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ضلعی حکومت اور ریسکیو اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن یقینی بنائیں۔ دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس اور متاثرہ افراد کی امداد و سکیورٹی کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیلاب کے خطرے سے دو چار شہریوں کی جان ومال اور املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ سیلاب کے ممکنہ خطرات سے درپیش علاقوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔سیلاب متاثرین کو قیام و طعام، تحفظ، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔ پنجاب پولیس کے کنٹرول سنٹرز سے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔پنجاب پولیس سیلاب متاثرین کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی سرگرمیوں میں دیگر اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔