آئندہ سماعت پر نامزد پولیس اہلکاروں کے وارنٹ تعمیل کے ساتھ پیش کئے جائیں گے:عدالت کو یقین دہانی
سماعت کے دوران لاپتہ بچوں کی والدہ کمرہ عدالت میں روتے روتے نڈھال ہوکر زمین پر گر پڑیں
اسلام آباد ( آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں چار لاپتہ بھائیوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاہے کہ ابھی تک ان چاروں بھائیوں کا سراغ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ایس ایس پی پنجاب پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ نامزد پولیس اہلکاروں کے وارنٹ تعمیل کے ساتھ پیش کیے جائیں گے اور آئندہ سماعت پر مکمل رپورٹ دی جائے گی۔عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر تفصیلی حکم جاری کیا جائے گا۔جبکہ عدالت نے پولیس حکام کی کارکردگی پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہر تین چار دن بعد کوئی نہ کوئی لاپتہ ہونے کا کیس آتا ہے اور پھر بتایا جاتا ہے کہ وہ خود گھومنے گئے تھے ایسا رویہ ناقابل قبول ہے۔عدالت نے یہ ریمارکس پیرکے روزدیے ہیں۔جبکہ سماعت کے دوران جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جب لاپتہ بچوں کی والدہ کمرہ عدالت میں روتے روتے نڈھال ہو گئیں اور زمین پر گر پڑیں۔ موقع پر موجود لیڈی پولیس اہلکاروں اور خواتین وکلا نے خاتون کو سنبھالا اور پانی پلایا۔