لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ کے سینیٹ ضمنی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کے خلاف دائر اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
الیکشن ٹریبونل نے اپیل کنندہ وکیل پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور حکم دیا کہ جرمانہ کی ادائیگی تک اپیل کنندہ کا کوئی کیس سماعت کے لیے مقرر نہ کیا جائے۔ عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ بادی النظر میں اپیل کنندہ نے عدالت کا وقت ضائع کیا اور آپ کس حیثیت میں اس اپیل کو قابل سماعت سمجھتے ہیں، جبکہ آپ نہ ووٹر ہیں اور نہ تجویز کنندہ۔واضح رہے کہ اپیل کنندہ نے رانا ثناءاللّٰہ کے کاغذاتِ نامزدگی میں مبینہ معلومات کی کمی کو بنیاد بنا کر عدالت سے رجوع کیا تھا، لیکن عدالت نے یہ موقف مسترد کر دیا اور کیس کو ناقابل سماعت قرار دیا۔