لاہور (ویب ڈیسک): قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور میں ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ تھی، اس دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر (آر او) آفس نے اعتراض لگا کر واپس کر دیئے۔
اعتراض کی نوعیت
ذرائع کے مطابق آر او آفس کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کے کاغذات پر معمولی نوعیت کا اعتراض سامنے آیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ:"ہر امیدوار کو کاغذات نامزدگی کے لیے 13 پوائنٹ مکمل کرنے ہوتے ہیں، جبکہ حماد اظہر کے کاغذات میں ایک پوائنٹ کی کمی تھی۔"آر او آفس کے مطابق جیسے ہی یہ غلطی دور کی جائے گی، کاغذات دوبارہ جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
دیگر امیدوار
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ارسلان ظہیر نے بھی ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، تاہم پی ٹی آئی کی سینٹرل میڈیا کمیٹی کے ترجمان نے واضح کیا کہ:"ارسلان ظہیر پارٹی کے امیدوار نہیں ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے صرف حماد اظہر ہی این اے 129 کے لیے امیدوار ہیں۔"
الیکشن شیڈول
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، این اے 129 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کل سے شروع ہوگی، جبکہ انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز جانچ پڑتال کے بعد ہوگا۔