اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر تعمیر گیارہ منزلہ ہاسٹل اور تربیتی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ہاسٹل میں 126 کمروں کی تعمیر کی جا رہی ہے اور اسے پانچ ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کام کی رفتار کے ساتھ معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دورے کے دوران محسن نقوی نے اکیڈمی کے سوئمنگ پول اور زیر تربیت پولیس افسران کے درمیان سوئمنگ مقابلے کا مشاہدہ کیا اور پروبیشنرز اور انسٹرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کلاس رومز، آفیسرز میس اور کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور زیر تربیت افسران سے براہ راست ملاقات کر کے ان کی تجاویز سنی۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں اکیڈمی کی تنظیمِ نو اور گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں زیر تربیت افسران کی ایف آئی اے، فرانزک ایجنسی اور دیگر اداروں سے اٹیچمنٹ کے فیصلوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نیشنل پولیس اکیڈمی کے ڈپٹی کمانڈنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل کمانڈ کورس مکمل کرنے والے اے ایس پیز کو ایم ایس کریمنالوجی اور پولیس سٹڈیز کی ڈگری دی جائے گی۔ تربیتی پروگرام میں تھانوں کے باقاعدہ دورے، سیف سٹی، ایف آئی اے، سائبر کرائم اور فرانزک شعبوں میں اٹیچمنٹ شامل ہے۔زیر تربیت افسران نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں سہولتوں کی بہتری پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد، ممبر انجنیئرنگ سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔