وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود عازمین حج اور دیگر مسافروں کی امیگریشن کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس دوران انہوں نے "روڈ ٹو مکہ" پروگرام کے تحت قائم کیے گئے سعودی امیگریشن کاؤنٹرز کا بھی جائزہ لیا اور عملے سے ملاقات کی۔اس پروگرام کے تحت، عازمین حج کو پاکستان کے ایئرپورٹس پر ہی سعودی عرب کی امیگریشن کی سہولت جلد اور مؤثر انداز میں فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ سفر کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ مسافروں نے ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔عازمین حج کا کہنا تھا کہ امیگریشن کا عمل انتہائی آسان اور تیز تھا، جس میں چند منٹ ہی لگے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تمام امیگریشن کاؤنٹرز فعال تھے اور عملہ بروقت خدمات فراہم کر رہا تھا۔
وزیر داخلہ نے جوائنٹ سرچ چیک پوسٹ کا بھی معائنہ کیا اور سسٹم کو مزید مؤثر اور تیز تر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکیورٹی نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔مزید برآں، محسن نقوی نے مسافروں کی سہولت اور سیکیورٹی دونوں کو یقینی بنانے پر زور دیا اور متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنا ان کی ترجیح ہے۔اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔