وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا رات گئے بغیر پیشگی اطلاع کے اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی میں جاری اپ گریڈیشن منصوبے اور نئے زیر تعمیر ہاسٹل کے کام کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ہاسٹل کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ تین سلیب مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔اس موقع پر محسن نقوی نے زیر تربیت پولیس افسران سے ملاقات بھی کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا، جس پر افسران نے موجودہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نیا ہاسٹل مکمل ہونے کے بعد زیر تربیت افسران کو مزید بہتر اور معیاری رہائش فراہم کی جائے گی۔دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔