وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ تربیت اے ایس پیز سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ و تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تربیت حاصل کرنے والے افسران جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ کو اپنا شعار بنائیں، عوام کے ساتھ حسنِ سلوک کریں اور مسائل فوری حل کریں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ زیرِ تربیت اے ایس پیز ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہترین تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، اور ایلیٹ ٹریننگ کے پہلے بیچ کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت ہی مؤثر پولیسنگ کی ضمانت ہے۔
وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیتی اور رہائشی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے اکیڈمی کے زیرِ تعمیر ہاسٹل کا معائنہ کیا، تیار شدہ ماڈل روم کا جائزہ لیا اور ضروری تبدیلیوں کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔