اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اکیڈمی کا دورہ کرتے ہوئے ہاسٹل اور میس کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تربیت افسران سے ملاقات کی اور ان سے ان کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس دوران انہوں نے پولیس اکیڈمی کے میس میں کھانا کھایا اور اس کے معیار کی تعریف کی۔بعد ازاں، وزیر داخلہ کی زیرصدارت نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اکیڈمی کے سربراہ اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران، محسن نقوی نے زیر تربیت افسران کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا ماسٹر پلان طلب کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا اور اس کے لئے ایک نیا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے 25 کروڑ روپے کا چیک جلد اکیڈمی کو فراہم کیا جائے گا، اور اکیڈمی کو مالی طور پر خود مختار ادارہ بنانا ہے۔وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے کام کو تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی اور اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔