اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامی اقدامات فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں پنجاب میں بارشوں اور دریاؤں چناب، ستلج اور راوی پر ممکنہ سیلابی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پیشگی اطلاع پہنچانے کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے اور متاثرہ علاقوں میں مدد اور ریسکیو کے اقدامات تیز کیے جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے نے پنجاب کے متاثرہ علاقوں کے لیے پانچ ہزار خیمے فراہم کیے ہیں اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل بھی جاری ہے۔شہباز شریف نے خصوصی طور پر کہا کہ گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامی اقدامات فوراً کیے جائیں تاکہ عوام کی حفاظت اور نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔