لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسمی صورتحال اور بارشوں کی پیش گوئی جاری ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 23 اگست تک بارشیں متوقع ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی بیشتر علاقوں میں مون سون کی بارشیں ہوں گی، جبکہ لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مری اور نارووال میں 53، 53 ملی میٹر، راولپنڈی میں 21، گجرات میں 24 اور گجرانوالہ میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح منگلا میں 7 اور اٹک میں 1 ملی میٹر بارش ظاہر ہوئی۔پی ڈی ایم اے کی پیش گوئی کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور منڈی بہاالدین میں مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بھی موسلادھار بارش کا اندازہ ہے۔ اس کے علاوہ بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیف انور جپہ کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی اندیشہ ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اپنائیں، خاص طور پر کمزور مکانوں میں رہائش سے گریز کریں، اور آندھی، طوفان اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقے، پانی جمع ہونے والی جگہیں، اور بجلی کے تاروں سے دور رہیں اور ہنگامی صورت حال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں بارش کا سسٹم کمزور ہونے کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آج شام اور کل صبح ہلکی بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے آنے والا نیا سسٹم رات کے وقت فیصل آباد اور سرگودھا کے علاقوں میں بارش برسا سکتا ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی پیش گوئی کے مطابق اپنا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔