پنجاب اور سندھ میں طوفانی بارشوں کا نیا سپیل، نشیبی علاقے زیرِ آب، اربن فلڈنگ کا خدشہ

پنجاب اور سندھ میں طوفانی بارشوں کا نیا سپیل، نشیبی علاقے زیرِ آب، اربن فلڈنگ کا خدشہ

ویب ڈیسک: پنجاب اور سندھ میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں کئی شہر پانی میں ڈوب گئے ہیں اور نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

 محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کردی ہے۔

سندھ کی صورتحال
سیہون شریف، میرپورخاص، خیرپور، سکھر اور عمرکوٹ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ دادو، کشمور، محراب پور اور سانگھڑ میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ سانگھڑ، اوباڑو، شکارپور اور مٹیاری میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی اور اگلے دو روز کے دوران شہر قائد میں تیز بارش کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالوں کی صفائی اور چوکنگ پوائنٹس کلیئر رکھنے کی ہدایت کی۔

پنجاب کی صورتحال
فیصل آباد میں تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ جہلم میں موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں اور شہر کا بڑا حصہ زیرِ آب آگیا۔ڈی جی خان میں بارش کے باعث نشیبی علاقے متاثر ہوئے جبکہ چونیاں میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے گلیوں اور سڑکوں کو پانی میں ڈبو دیا۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 10 ستمبر تک جاری رہے گا اور پنجاب کے کئی شہروں کے علاوہ جنوبی پنجاب میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ سندھ میں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔