ویب ڈیسک: دریائے ستلج اور دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کے بعد پنجاب کے کئی علاقے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 2 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔ دونوں دریاؤں میں صورتحال خطرناک ہو چکی ہے۔کرتارپور کے قریب دریائے راوی کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں پانی گردوارے میں داخل ہو گیا۔ گردوارے کے احاطے میں 4.4 فٹ پانی جمع ہے جس کے باعث یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیلابی ریلے نے نارووال شکرگڑھ روڈ کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سیلابی پانی نے سڑک کو عبور کر لیا ہے، جس کے باعث نارووال شکرگڑھ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق کرتارپور اور اس کے گردونواح میں دو سے تین سو افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ پاک فوج اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔