سکھر بیراج پر عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گیا، مشینری کو نقصان

سکھر بیراج پر عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گیا، مشینری کو نقصان

سندھ کے اہم آبی ڈھانچے، سکھر بیراج  پر جاری مرمت اور دروازوں کی تبدیلی کے دوران ایک حادثہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق گیٹ نمبر 46 اور 47 کے قریب عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانی کے دباؤ میں اچانک اضافہ ہونے کی وجہ سے عارضی بند متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں وہاں نصب زیرِ استعمال مشینری کو نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے کسی کارکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔واقعے کے فوراً بعد متعلقہ تکنیکی عملہ اور انجینئرز موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے۔ مرمتی ٹیمیں عارضی بند کی دوبارہ بحالی اور متاثرہ حصے کی جانچ میں مصروف ہیں تاکہ کام کو محفوظ انداز میں دوبارہ شروع کیا جا سکے۔واضح رہے کہ سکھر بیراج سندھ کے بڑے زرعی علاقوں کو پانی فراہم کرنے والے نہری نظام کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے کسی بھی تکنیکی خرابی یا حادثہ فوری توجہ کا متقاضی ہے۔

گذشتہ برس، سکھر بیراج اپگریڈیشن منصوبے کے سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ انجینیئر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو خط میں بتایا تھا کہ نئے لگائے گئے دروازوں میں ناقص مواد استعمال کیا گیا ہے۔ خط میں مزید بتایا گیا کہ تین لاکھ کیوسک پانی کے بہاؤ کے دوران دروازوں میں وائبریشن پیدا ہوتی ہے، اور اوپر نیچے کرنے والے وہیل اور نٹ بولٹس میں ایک ماہ کے اندر زنگ لگ گیا تھا۔