بھارتی فضائیہ کی پرانے جنگی جہاز مِگ 21 کو ختم کرنیکی تیاری

راجستھان ایئربیس پر تقریب ، ایئرچیف کی پرواز، آسمانوں کے محافظ، گڈبائے
   ایئرفورس کی ریڑھ کی ہڈی ،پے در پے حادثات ، 'اڑتے تابوت' کا لقب بھی دیا گیا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی   فضائیہ اپنے سب سے پرانے جنگی جہاز مگ 21 کو مرحلہ وار ختم کرنے کی تیاری کر رہی ہے اور اس سلسلے میں یاست راجستھان کی نال ایئر بیس پر ایک یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق   بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے راجستھان میں ہونے والی اِس تقریب کے دوران اس مشہور لڑاکا طیارے میں اڑان بھری۔ مگ 21 کو ایک وقت تک انڈین ایئرفورس کی ریڑھ کی ہڈی کہا جاتا تھا لیکن بعدازاں اسے پیش آنے والے پے در پے حادثات کے بعد اسے 'اڑتے تابوت' کا لقب بھی دیا گیا۔روسی ساختہ مگ 21 طیارے پہلی بار انڈین ایئرفورس کا 1960 میں حصہ بنے تھے اور اس کے بعد سے تقریبا چھ دہائیوں تک انڈیا نے ان لڑاکا طیاروں کا مختلف محاذوں پر استعمال کیا ہے۔ انڈین فضائیہ میں اگرچہ زیادہ تر مگ 21 لڑاکا طیاروں کو پہلے ہی کم کیا جا چکا تھا لیکن اب بھی دو سکواڈرن اس میں شامل ہیں جنھیں 19 ستمبر 2025 کو چنڈی گڑھ میں ہونے والی ایک باضابطہ تقریب میں ریٹائر کر دیا جائے گا۔