جنگی جنون: بھارت نے جنگی بحری جہاز بحیرہ عرب میں پاکستانی سرحدوں کے قریب پہنچا دئیے بنگلا دیش کا پانی بند کرنے کی بھی دھمکی دیدی

بھارتی بحریہ کا بحیر ہ عرب میں کئی اینٹی شپ میزائل داغنے کا دعویٰ، میزائل تجربات بحریہ کی جنگی تیاریوں اور طویل فاصلے تک حملے کرنے کی صلاحیت دکھانے کے لیے کیے گئے،اے این آئی 
 ہم کب تک سانپوں کو پانی دیتے رہیں گے؟ اب وقت ہے کہ انہیں ختم کیا جائے،بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے نے گنگا معاہدے پراعتراض کرتے ہوئے اسے غلط قراردیدیا
 نئی دہلی (آئی این پی )بھارت جنگی جنون میں مبتلاہوکر ایک بار پھر خطے میں جنگ کو ہوا دینے لگا ۔ بھارتی بحریہ نے بحرِ عرب میں کئی اینٹی شپ میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی سرکاری خبر رساں ا دارے اے این آئی کے مطابق یہ میزائل تجربات بحریہ کی جنگی تیاریوں اور طویل فاصلے تک حملے کرنے کی صلاحیت دکھانے کے لیے کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارت نے اپنے جنگی بحری جہاز بحیرہ عرب میں پاکستانی سرحدوں کے قریب پہنچا دیئے ہیں۔ بھارت کی یہ کارروائیاں جنوبی ایشیا میں عدم استحکام پیدا کرنے اور خطے کے امن کو دائو پر لگانے کی ایک کھلی کوشش ہے ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ جنگی چالیں نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بل کہ یہ خود بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی اور عدم تحفظ کا بھی ثبوت ہیں۔ 
دوسراانٹرو 
نئی دہلی (آئی ا ین پی )پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے فیصلے کے بعد بھارت اب بنگلا دیش کو بھی پانی بند کرنے کی دھمکی پر اتر آیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے نے پہلگام حملے کے پیش نظر سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کے بعد اب بنگلا دیش کو بھی پانی کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے نے 1996 میں کانگریس کے دور حکومت میں بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے گنگا پانی کے معاہدے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے غلط قرار دیا تھا۔ نشیکانت دوبے کا کہنا تھا کہ 1996 میں کانگریس حکومت نے بنگلادیش کے ساتھ گنگا کے پانی کا معاہدہ کر کے غلطی کی تھی۔ انہوں نے پڑوسی ممالک کو پانی کی فراہمی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم کب تک سانپوں کو پانی دیتے رہیں گے؟ اب وقت ہے کہ انہیں ختم کیا جائے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ نشیکانت دوبے نے پاکستان اور بنگلا دیش دونوں کے ساتھ بھارتی سرحدوں پر سیکورٹی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔