مارک 1A لڑاکا جہاز خریدنے کے لیے 62 ہزار کروڑ کا آرڈر منظور کرلیا
نئے جنگی جہاز فضائیہ کے پرانے طیاروں کی جگہ لیں گے، جنہیں جلد خارج کیا جانا ہے
نئی دہلی (آئی این پی )آپریشن سندور میں بدترین شکست کے بعد بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کا جنگی جنون بے قابو ہوگیا ، مودی بھارتی دفاعی صنعت کے اربوں روپے ضائع کرنے میں مصروف ہیں۔رافیل کی ناکامی کے بعد مودی سرکار مقامی لڑاکا جہازوں کے ذریعے خطے کا امن برباد کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ مودی نے تیجس کے اربوں ڈالر کے منصوبے کو فوجی ضرورت پر فوقیت دے کر اپنی ذاتی انا کی تسکین کا ذریعہ بنا لیا ہے۔بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز کے مطابق بھارت نے 97 تیجس مارک 1A لڑاکا جہاز خریدنے کے لیے 62 ہزار کروڑ روپے کا آرڈر منظور کرلیا ہے۔ نئے آرڈر کے بعد بھارتی فضائیہ کے لیے مارک 1A جہازوں کی کل تعداد 180 ہوگئی ہے۔ اخبار کے مطابق یہ نئے جنگی جہاز فضائیہ کے پرانے MiG-21 طیاروں کی جگہ لیں گے، جنہیں جلد خارج کیا جانا ہے۔اکنامک ٹائمز کے مطابق دورہ اسپین کے موقع پر سابق ایئر چیف مارشل وی آر چوہدری 97 اضافی جہاز خریدنے کے منصوبے کا اعلان کرچکے تھے۔ اسی ادارے کے مطابق ہندوستان ایرو ناٹکس لمیٹڈ کو مزید 200 مارک 2 جہاز اور ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیاروں کے آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔