اکشے کمار کی بیٹی کے ساتھ آن لائن ہراسانی، ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا

اکشے کمار کی بیٹی کے ساتھ آن لائن ہراسانی، ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے آن لائن ہراسانی کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس نے اس کیس میں ملوث پہلے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔  واقعہ گزشتہ سال اکتوبر میں پیش آیا تھا، جب اداکار نے ایک تقریب میں انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی کو ایک آن لائن گیم کھیلتے ہوئے کسی نامعلوم شخص نے نامناسب تصاویر بھیجنے کی کوشش کی۔ بچے نے صورتحال کو سمجھتے ہوئے فوراً گیم بند کی اور اپنی والدہ کو آگاہ کیا۔  اداکار نے اس موقع پر خبردار کیا تھا کہ ایسے واقعات بچوں کو بلیک میلنگ اور دیگر سنگین جرائم کی طرف لے جا سکتے ہیں، اس لیے ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی حفاظت اور آگاہی بہت ضروری ہے۔  واقعے کے بعد سائبر کرائم سیل نے تحقیقات شروع کی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی شناخت کی اور اسے گرفتار کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس ملزم نے مزید بچوں کو بھی نشانہ بنایا تھا یا نہیں۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق، اکشے کمار کی اس معاملے کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے کے بعد اس واقعے کو تعلیمی اداروں میں سائبر سیکیورٹی اور آن لائن حفاظت کے حوالے سے آگاہی مہم کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے، تاکہ بچوں کو انٹرنیٹ کے استعمال میں درپیش خطرات سے بچاؤ کے بارے میں شعور دیا جا سکے۔