اداکارہ مدیحہ شاہ نے بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کے ساتھ فلم کی آفر ٹھکرا دی

اداکارہ مدیحہ شاہ نے بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کے ساتھ فلم کی آفر ٹھکرا دی

پاکستان کی معروف اداکارہ مدیحہ شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کے ساتھ فلم میں کام کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ موقع ٹھکرا دیا اور پاکستانی پروجیکٹس کو ترجیح دی۔

مدیحہ شاہ، جو پاکستانی فلم، ٹی وی اور تھیٹر کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، نے اپنے فنی سفر کا آغاز ٹی وی سے کیا اور بعدازاں فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے فلم مجاجن میں ادا کیے گئے پُراثر بیوی کے کردار کو آج بھی شائقین یاد کرتے ہیں۔اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا:“مجھے بھارت سے ایک بڑی فلم کی آفر ہوئی تھی، جس میں ہیرو اکشے کمار تھے، لیکن میں نے انکار کر دیا۔”انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ فلم ”موہرا“ تھی، جو آج بھی اپنے مشہور گانے ’تو چیز بڑی ہے مست مست‘ کی وجہ سے یاد کی جاتی ہے۔

مدیحہ شاہ نے کہا کہ اُس وقت میں نے بھارت جانے کے بجائے اپنے ملک کے پروجیکٹس کو ترجیح دی۔انہوں نے بتایا کہ ان کی اسٹیج پرفارمنس کو بھارت کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی اور انیل کپور کے والد نے بھی بہت پسند کیا تھا، جو انہیں دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر شو میں آئے تھے۔اداکارہ نے گفتگو کے اختتام پر کہا:“میں نے ہمیشہ اپنے فن کو عزت کے ساتھ پیش کیا اور اپنے وطن کے شائقین کی محبت کو سب سے بڑھ کر سمجھا۔”