خطے میں امریکی حامیوں پر آبنائے ہرمز کے مضر اثرات کے سائے کو برقرار رکھنا حکمت عملی ہے، ایران
تہر ان(آئی این پی ) ایران کی مسلح افواج نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی نئی جارحیت سے باز رہے ورنہ اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایرانی میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکی فوج نے خطے میں اپنی ناکہ بندی، غنڈہ گردی اور قزاقی جاری رکھی تو ایران کی طاقتور افواج بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں امریکی و صیہونی دشمنوں کو شدید نقصان پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔ایرانی حکام کے مطابق مسلح افواج خطے میں امریکی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اہم تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کا کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے تیار ہیں۔ادھر ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنا امریکا کے ساتھ جنگ میں ایران کی حتمی حکمت عملی ہے۔غیرملکی خیررساںادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکا کے حامیوں پر اس کے مضر اثرات کے سائے کو برقرار رکھنا حکمت عملی کا حصہ ہے۔