پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا:مصطفی کمال

 بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے، ہم اپنی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزور سمجھنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے، پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے، پاکستان اور غزہ میں واضح فرق ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے معصوم پاکستانیوں شہریوں کے خلاف بھارت کی بزدلانہ جارحیت اور خطے کو دہشتگردی کی آماجگاہ بنانے کے بھارتی کردار کی بھی شدید مذمت کی۔ وفاقی وزیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور ہم اپنی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور بھارت ہماری خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج نہ کرے ورنہ بھارت کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مسلح افواج پر غیر متزلزل یقین اور فخر کرتا ہے جو قومی طاقت کی علامت ہیں۔