(جو احتجاج کیلئے آئیگاگرفتار ہوگا) املاک کو نقصان پہنچانے پر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا:عطاء اللہ تار

پاکستان کے دشمنوں اور پی ٹی آئی کی سوچ ایک ہے‘تحریک انصاف سے بات چیت نہیں ہو رہی، صرف اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کو پورا کرنے کیلئے بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا گیا 
بشری بی بی بہت زیادہ پڑھی لکھی عورت نہیں ہیں، انٹرنیشنل افیئرز کے سپیلنگ بھی نہیں آتے ہوں گے، عوام بھی اب ان کے عزائم دیکھ چکے ہیں:وفاقی وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے تحریک انصاف سے کسی سطح پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، صرف اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کو پورا کرنے کے لیے بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا گیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر پر واضح کردیا ہے احتجاج کی اجازت نہیں ہے کوئی شک و شبے میں نہ رہے جو بھی احتجاج کے لیے آئے گا وہ گرفتار ہوگا شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا‘انہوں نے کہا پاکستان کے دشمن اور پی ٹی آئی کی سوچ ایک ہے، جب سٹاک مارکیٹ اوپر جاتی ہے اس کا مطلب ہے ملک میں کاروبار ہورہا ہے، مہنگائی پچھلی دفعہ 32 فیصد تھی اب 6 فیصد ہے، پاکستان میں مختلف ممالک سے سرمایہ کاری آرہی ہے، چین، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای نے پاکستان کی مدد کی، پاکستان سٹاک مارکیٹ کل دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہی۔انہوں نے کہا وزیر اعلی کرم جائیں اور لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں پولیس کا کام فوج کر رہی ہے، فوجی شہید ہو رہے ہیں اور آپ پولیس کو لے کر اسلام آباد کی طرف آرہے ہیں، اپنے صوبے پر توجہ دیں، وہاں روز لاشیں گر رہی ہیں، کے پی میں امن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا بشری بی بی بہت زیادہ پڑھی لکھی عورت نہیں ہیں، بشری بی بی کو انٹرنیشنل افیئرز کے سپیلنگ بھی نہیں آتے ہوں گے، عوام بھی اب ان کے عزائم دیکھ چکے ہیں، باہر جو نکلے گا گرفتار ہوگا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ دوست ممالک کیخلاف باتیں نہیں کرنی چاہئیں، سعودی عرب میں جہاں پر انسان پر روحانیت ہوتی ہے لوگوں کو ہوش نہیں ہوتا وہاں بھی نعرے لگائے گئے، جب ہمارا دل کرتا ہے ہمیں شریعت یاد آجاتی ہے، شرعی لوگ 5،5 کیرٹ کی انگوٹھیاں نہیں مانگتے۔