بھاگ گئے ، ہمت ہے تو آئو عطا تارڑ

 پی ٹی آئی کی تیاری نہیں تھی ، وزیر اطلاعات، حکومت کا سیاسی راستہ کھلا رکھنے کا فیصلہ ،اٹک پل پر مزید رکاوٹیں کھڑی کر دیں 
 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کو چیلنج کیا ہے کہ ہمت ہے تو آ ئو، لانگ مارچ کرو، یہ بزدل لوگ ہیں، اسی لیے لانگ مارچ اور دھرنوں سے بھاگ گئے ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی کوئی تیاری نہیں ،پی ٹی آئی اب دھرنے سے بھی بھاگ گئی ہے اور لانگ مارچ سے بھی پیچھے ہٹ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث ہے،دہشتگردی کے فروغ میں ان کا ہاتھ ہے، امن و امان ٹھیک کرنا کے پی حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی نہیں کیا۔ عطاء تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹمبر اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت جاری ہے، جبکہ صوبے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی میں بھی بعض سیاسی عناصر کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں، ان کے مطابق غیر قانونی کان کنی اور ٹھیکوں کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں،دوسری طرف پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے حکمت عملی مزید سخت کرنے کے ساتھ سیاسی راستہ بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لانگ مارچ کو روکنے کے لیے انتظامی، قانونی اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی طرح پی ٹی آئی کے ساتھ بھی مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے پر غور کیا گیا،اجلاس میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی ممکنہ بندش کا معاملہ بھی زیر بحث آیاتاہم فی الحال انٹرنیٹ سروس بند نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا،علاوہ ازیں لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کے انتظامات کے سلسلے میں وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ سے ایک ارب روپے کے فنڈز مانگ لئے، ٹی وی رپورٹ کے مطابق رقم کنٹینرز کے کرائے ، اہلکاروں کی رہائش اورکھانے، ریت کی بوریوں اور آنسو گیس سمیت دیگر سکیورٹی سامان پر خرچ کی جائے گی، دوسری طرف اٹک کے پل اور اس کیاطراف مزید رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ پشاور روڈ راولپنڈی سے اسلام آباد انٹری پوائنٹ روات ٹی چوک پر لگائے گئے کنٹیرز کو ہٹائے جانے کی اطلاعات ہیں، ٹی چوک سیاسلام آباد آنے والے داخلی راستے کو ایل ٹی وی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور وہاں لگے تمام کنٹینرز ہٹا دیے گئے۔