فلسطین کی حمایت میں امریکی طلبا کا گوگل کے سی ای او کی تقریر کے دوران واک آئو ٹ

کیلفیورنیا (آئی این پی )امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی کی ایک تقریر کے دوران فلسطین کے حامی طلبا نے احتجاجا واک آئو ٹ کر دیا۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق طلبا نے غزہ کی صورتحال اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کردار کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی سندر پچائی نے طلبا سے خطاب شروع کیا، طلبا کے ایک گروپ نے اپنی نشستوں سے اٹھ کر ہال سے باہر جانا شروع کر دیا۔ بعض طلبا نے فلسطینی پرچم اور احتجاجی بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جبکہ کچھ نے خاموش احتجاجی واک آئو ٹ کو ترجیح دی۔واک آئوٹ کے دوران "فلسطین کیلئے انصاف" اور "جنگ بند کرو" جیسے نعرے بھی سنائی دئیے۔ مظاہرین کا موقف تھا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنی کاروباری اور حکومتی شراکت داریوں کے حوالے سے زیادہ شفافیت اختیار کرنی چاہیے۔طلبا نے مطالبہ کیا کہ جامعات اور نجی ادارے انسانی حقوق کے معاملات پر واضح اور ذمہ دارانہ پالیسی اپنائیں۔سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئیں جہاں صارفین نے طلبا کے احتجاج کو آزادیِ اظہار کی مثال قرار دیا۔