چمن کے علاقے سپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے متعدد حملے ناکام بنا دیئے گئے‘پاک فوج کی جوابی کارروائی میں50طالبان ہلاک‘ متعددپوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے

پاک فضائیہ کے کابل اور قندھار پر حملے‘ کئی بٹالین ہیڈ کوارٹر تباہ  افغانستان کی درخواست پر 48 گھنٹوں کیلئے سیزفائر 
پاک فوج نے افغان طالبان کے بٹالین ہیڈکوارٹر نمبر 4 اور 8 سمیت بارڈر بریگیڈ نمبر 5 کے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا‘کابل میں فتنہ الہندوستان کے مرکز اور لیڈرشپ کو نشانہ بنایا گیا‘ٹینک تباہ
  دہشت گرد دیہات اور معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، پاک افغان باب دوستی کو اپنی جانب سے اڑا دیا ،جس سے ثابت ہوتا  ہے طالبان تجارت اور مقامی آمددورفت کے حامی نہیں:ذرائع 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)پاکستان نے صوبہ قندھار اور کابل میں خالصتاً افغان طالبان اور خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کے کئی بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کردیے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے قندھار میں افغان طالبان بٹالین ہیڈکوارٹرنمبر 4، 8 بٹالین اور بارڈر بریگیڈ نمبر 5  کے اہداف کو نشانہ بنایا، یہ تمام اہداف  باریک بینی سے منتخب کئے گئے جو شہری آبادی سے الگ تھلگ تھے اور کامیابی سے تباہ کئے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کابل میں فتنہ الہندوستان کے مرکز اور لیڈرشپ کو نشانہ بنایا گیا، پاک فوج  کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔قبل ازیںپاک فوج نے چمن کے علاقے سپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 50 افغان طالبان کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان طالبان کا سپن بولدک میں بہیمانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا اور پاکستانی افواج نے موثر جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔15 اکتوبر بروز بدھ کی صبح افغان طالبان نے بلوچستان کے سپن بولدک کے 4 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جنہیں پاکستانی فورسز نے مثر طریقے سے پسپا کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملے مقامی بٹی ہوئی بستیوں کے ذریعے منظم کیے گئے تھے، جن میں شہری آبادی کی جان و مال کی پرواہ نہیں کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان فورسز نے چمن میں سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر پاکستان نے مثر جواب دیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے اپنی جانب سے پاک-افغان فرینڈشپ گیٹ کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی جو کہ سرحدی تجارت اور قبائلی آمد و رفت میں سہولت کے لیے اہم ہے۔دریں اثناء وزارت خارجہ پاکستان کے مطابق افغان طالبان رجیم کی درخواست پر دونوں کی باہمی رضامندی سے عارضی طور پر سیز فائر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق سیز فائر کا فیصلہ بدھ کو شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی طور پر کیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق اس دوران دونوں اطراف تعمیری بات چیت کے ذریعے اس پیچیدہ مگر قابل حل مسئلے کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔